منگلورو/اُڈپی:19/ اکتوبر (ایس اؤنیوز) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے 35ویں یوم ِ تاسیس کے موقع پر دکشن کنڑا اور اُڈپی اضلاع کی مختلف یونٹوں کی جانب سے پرچم کشائی اور سابق ممبران سے خیر سگالی پروگرام منعقد کئے گئے۔
اس سلسلے میں اُڈپی ایس آئی اؤ شاخ کی جانب سے برہم گری کے آدرش سنٹر میں پروگرام منعقد ہوا۔ جہاں ٹھیک صبح 30-07بجے مہمان ِ خصوصی ایس آئی اؤ کے بانی صدر خلیل اللہ نے پرچم کشائی کرتے ہوئے پروگرام کا افتتاح کیا۔اعزازی مہمان سابق مرکزی مجلس شوریٰ کے ممبر ڈاکٹر عبدالعزیز نے اپنے بچپن کی یادوں کو تازہ کیا۔ اس موقع پر سابق ممبران نثار احمد ، افتخار اُڈپی، ضیاء الرحمٰن، محمد رئیس، ریاض احمد وغیرہ نے ایس آئی اؤ انقلابی تنظیم سے جو کچھ حاصل کیااس کو بیان کیا۔ ایس آئی اؤ کے ممبران محمد فاضل ، محمد ارباز، محمد فرحان موجود تھے۔ مقامی صدر محمد شارخ نے نظامت کے فرائض انجام دیتےہوئے شکریہ اداکیا۔

اسی طرح منگلورو کے اُلال کے حرا نگر کی سمیہ مسجد میں پرچم کشائی کی گئی ۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جماعت اسلامی ہند کے علاقائی سکریٹری محمد الیاس اسماعیل نے پرچم کشائی انجام دیتے ہوئے افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نےنوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی جوانی کے دن تعمیر ی کاموں میں لگائیں، ملک و ملت کی بہتر ترقی وتعمیر کے لئے کوشاں رہیں، جدید دور کی فضول مصروفیات میں اپنی جوانی برباد نہ کرنے کی اپیل کی۔ اُلال ایس آئی اؤ کے بانی صدر ،جماعت اسلامی ہند کے مقامی امیر عبدالکریم نے ایس آئی اؤ کو ایک سماجی فکر رکھنے والی تنظیم قرار دیتے ہوئے کہاکہ 35سالوں میں جو کچھ کام کیا گیا ہے مزید اس سے زیادہ کام کرنا باقی ہے، خاص کر طلبا کے درمیان بھائی چارگی کے میدان میں کام کرتے ہوئے یک جہتی کو بیدار کرنےکی دعوت دی۔ جماعت اسلامی ہند شعبہ خدمت خلق کے صدر سی ایچ سلام نے بھی خطاب کیا۔ ایس آئی اؤ اُلال کے صدر اشیعرالدین نے استقبال کرتےہوئے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ ضلع جنرل سکریٹری نظام نے اعلانیہ کی خواندگی کی۔ محمد سیف کی تلاوت قرآن سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ تاج الدین نے نظامت کی۔ این آر آئی محمد حسین موجو دتھے۔